نئی دہلی،02؍اپریل ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) کاویری واٹر مینجمنٹ بورڈ قائم کرنے کے مطالبہ پر انادرمک کے ارکان کے ہنگامے کی وجہ سے آج لوک سبھا میں 18 ویں دن بھی وقفہ سوالات نہیں ہو سکا اور کارروائی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔ انادرمک کے ارکان کے ہنگامے کی وجہ سے پانچ منٹ کے اندر ہی کارروائی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کرنی پڑی۔ صبح ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی اے آئی اے ڈی ایم کے کے رکن اسپیکر کی چیئر کے قریب پہنچ کر ہمیں انصاف چاہیے کے نعرے لگانے لگے۔ انہوں نے اپنے مطالبات والے پلے کارڈ بھی ہاتھوں میں لے رکھے تھے اور سیاہ، سفید اور سرخ رنگ کے ترنگے پٹکے بھی لگا رکھے تھے۔ اس دوران زرد پٹکا لگائے ٹی ڈی پی ارکان سمیت تمام اراکین پرسکون انداز میں اپنی اپنی سیٹوں پر بیٹھے رہے۔ کانگریس کے کانتی لال بھوریا اور راشٹریہ جنتا دل کے جے پرکاش نارائن یادو نے درج فہرست ذات و قبائل کے لوگوں پر ظلم و زیادتی کے الزام لگائے۔ اسپیکر سمترا مہاجن نے انادرمک کے ارکان سے اپنی اپنی نشستوں پر جا کر بیٹھنے کو کہا اور امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کی، لیکن نعرے بازی کر رہے انادرمک کے ارکان پر ان کی اپیل کا کوئی اثر نہیں ہوا۔ اس کے بعد انہوں نے 11 بجکر تین منٹ پر ایوان کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کر دی۔پانچ مارچ سے بجٹ سیشن کا دوسرا مرحلہ شروع ہونے کے بعد سے ہی الگ الگ ایشوزکو لے کر اپوزیشن کے ہنگامے کی وجہ سے ایوان کی کارروائی میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے، اور وقفہ سوالات نہیں ہو پا رہا ہے۔ بجٹ سیشن کا موجودہ اجلاس چھ اپریل تک چلنا ہے۔